اگست 14, 2026

عمان کے ساحل پر تیل کا اخراج 2 ہزار مربع کلومیٹر سے تجاوز کر گیا

0
عمان کے ساحل پر تیل کا اخراج 2 ہزار مربع کلومیٹر سے تجاوز کر گیا

عمان کے ساحل پر تیل کا اخراج 2 ہزار مربع کلومیٹر سے تجاوز کر گیا

اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)عمان کے سمندری علاقے میں کئی ہفتوں سے پھنسے آئل ٹینکر سے جاری تیل کا اخراج اب ساحل تک پہنچ گیا ہے، جس کے بعد بڑے ماحولیاتی بحران کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق عمان کی ماحولیاتی اتھارٹی کا کہنا ہے کہ تیل سے متاثرہ سمندری علاقہ ابتدائی طور پر تقریباً 390 مربع کلومیٹر تھا، تاہم اب تیل کا پھیلاؤ 2 ہزار مربع کلومیٹر سے تجاوز کر چکا ہے۔

تیل کے پھیلاؤ سے عمان کے علاقے راس مدرکہ کی تقریباً 40 کلومیٹر طویل ساحلی پٹی متاثر ہونے کا خدشہ ہے، جبکہ مصیرہ جزیرے کے 10 سے 20 کلومیٹر ساحلی علاقے تک بھی آلودگی پہنچ سکتی ہے۔

آئل ٹینکر سے تیل کیسے خارج ہوا؟
رپورٹس کے مطابق آئل ٹینکر کیرولین بیزینگی جون میں عمان کے ساحل سے تقریباً 41 کلومیٹر دور سمندر میں پھنس گیا تھا۔ جہاز کے عملے نے اس سے قبل دھماکوں کی اطلاع دی تھی۔

یہ جہاز روس سے بھارت جا رہا تھا اور اس میں اندازاً 8 لاکھ بیرل تیل موجود تھا۔ جہاز کئی ہفتوں تک عمان کے قریب پھنسے رہنے کے دوران مسلسل تیل خارج کرتا رہا، جس کے نتیجے میں آلودگی عمان کے ساحل کی جانب پھیلتی گئی۔

اس وقت تیل کا بڑا حصہ جنوبی عمان کے قریب ہالانیات جزائر کے اطراف موجود ہے۔ یہ علاقہ حساس سمندری ماحولیاتی نظام کا حامل ہے اور گزشتہ سال یہاں نایاب سمندری حیات اور کچھوؤں کے تحفظ کے لیے سمندری محفوظ علاقہ قائم کیا گیا تھا۔

سمندری حیات کو شدید خطرہ
ماہرین کے مطابق خام تیل کا اتنا بڑا اخراج سمندری حیات، ساحلی ماحولیاتی نظام اور ماہی گیری کے لیے شدید خطرہ بن سکتا ہے۔

تیل سمندر کی سطح پر پھیلنے کے بعد سمندری جانداروں، پرندوں اور کچھوؤں کو متاثر کر سکتا ہے، جبکہ ساحل تک پہنچنے کی صورت میں ریت، چٹانوں اور دیگر قدرتی ماحول کو طویل عرصے تک آلودہ رکھنے کا خدشہ ہے۔

ماحولیاتی تنظیم گرین پیس نے خبردار کیا ہے کہ تیل کا یہ اخراج بڑے ماحولیاتی بحران میں تبدیل ہونے کے قریب ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ جہاز میں موجود 8 لاکھ بیرل تیل کا بڑا حصہ سمندر میں خارج ہونے کی صورت میں نقصان انتہائی سنگین ہو سکتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے