سعودی عرب میں صوفہ فیکٹری میں ہولناک آتشزدگی، 16 بنگلہ دیشی مزدور جاں بحق
سعودی عرب میں صوفہ فیکٹری میں ہولناک آتشزدگی، 16 بنگلہ دیشی مزدور جاں بحق
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)ریاض: سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں صوفہ فیکٹری میں آتشزدگی کے نتیجے میں 16 بنگلہ دیشی تارکین وطن مزدور جاں بحق ہوگئے۔
بنگلہ دیش کی وزارتِ مہاجرین کی بہبود اور اوورسیز ایمپلائمنٹ نے فائر سروس ڈیپارٹمنٹ کے حوالے سے بتایا کہ ریاض میں صوفہ بنانے والی فیکٹری میں آگ لگنے سے کم از کم 16 بنگلہ دیشی مزدور جان کی بازی ہار گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیرِ مہاجرین کی بہبود و اوورسیز ایمپلائمنٹ عارف الحق چودھری نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ وزارت کے مطابق جاں بحق افراد میں سے 10 کا تعلق بنگلہ دیش کے شمالی ضلع نوگاؤں سے تھا، جبکہ دیگر کا تعلق نٹور اور راجشاہی اضلاع سے بتایا گیا ہے۔
عارف الحق چودھری نے اپنے بیان میں کہا کہ روزگار کی تلاش میں ہزاروں میل دور سعودی عرب جانے والے تارکین وطن کی اس طرح اچانک اور المناک موت انتہائی دل دہلا دینے والی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب میں بنگلہ دیشی سفارتخانہ جائے حادثہ اور مقامی حکام سے مسلسل رابطے میں ہے۔ متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ جاں بحق مزدوروں کی میتیں جلد از جلد وطن واپس لانے کے اقدامات کیے جائیں اور متاثرہ خاندانوں کو ضروری سرکاری امداد اور معاوضے کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
