اگست 10, 2026

اسلام آباد ہائیکورٹ کا ججز تعیناتی کی سمری میں تاخیر پر وزیراعظم اور صدر کے سیکرٹریز کو نوٹس

0
اسلام آباد ہائیکورٹ کا ججز تعیناتی کی سمری میں تاخیر پر وزیراعظم اور صدر کے سیکرٹریز کو نوٹس

اسلام آباد ہائیکورٹ کا ججز تعیناتی کی سمری میں تاخیر پر وزیراعظم اور صدر کے سیکرٹریز کو نوٹس

اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے نئے ججز کی تعیناتی سے متعلق سمری کی منظوری میں تاخیر کے معاملے پر وزیراعظم اور صدرِ مملکت کے سیکرٹریز کو کل کے لیے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری کی جانب سے سمری کی منظوری نہ دیے جانے کے خلاف دائر درخواست پر عدالت نے وزارتِ قانون کو بھی نوٹس جاری کیا ہے۔ عدالت نے وفاقی حکومت سے استفسار کیا کہ سمری اس وقت کس مرحلے پر رکی ہوئی ہے۔

درخواست گزار لقمان ظفر کی جانب سے زاہد آصف چوہدری نے کیس کی پیروی کی۔ جسٹس ارباب محمد طاہر نے سماعت کے دوران وفاقی حکومت پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایڈیشنل اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ وفاقی حکومت کیا کر رہی ہے اور کیا اسے اس معاملے میں کوئی دلچسپی نہیں؟

جسٹس ارباب محمد طاہر نے ریمارکس دیے کہ عدالت نے توقع کی تھی کہ وفاقی حکومت اپنی ذمہ داری پوری کرے گی، تاہم ایسا نہیں ہوا۔ انہوں نے سوال کیا کہ سمری کس مرحلے پر ہے اور حکومت کو اس بارے میں کچھ معلوم بھی ہے یا نہیں۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ اعلیٰ عدلیہ کے ججز کی تعیناتی کے معاملے کے ساتھ کیا ہو رہا ہے؟ سندھ اور پشاور ہائیکورٹس کے ججز کی کنفرمیشن کا معاملہ بھی رک چکا ہے، حالانکہ جوڈیشل کمیشن اس کی منظوری دے چکا ہے۔

جسٹس ارباب محمد طاہر نے مزید کہا کہ سمری کو اس طرح روک کر نہیں رکھا جا سکتا، پہلے 15 دن نہیں ہوئے تھے لیکن اب 18 دن گزر چکے ہیں۔

درخواست گزار کے وکیل زاہد آصف چوہدری نے مؤقف اختیار کیا کہ آئین اس معاملے پر واضح ہے اور مقررہ مدت گزرنے کے بعد صدر سمری کو اس طرح زیرِ التوا نہیں رکھ سکتے۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل راشد حفیظ نے عدالت کو بتایا کہ صدر اب سمری مسترد بھی نہیں کر سکتے۔

جسٹس ارباب محمد طاہر نے ریمارکس دیے کہ صدر کے اختیار کا معاملہ بعد میں دیکھا جائے گا، فی الحال وفاقی حکومت بتائے کہ 15 دن گزرنے کے بعد اس نے کیا اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں نئے تعینات ہونے والے ججز کا معاملہ بھی التوا کا شکار ہے۔

عدالت نے وفاقی حکومت سے کل تک جواب طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے