افغانستان میں شدید سیلاب سے تباہی، 20 افراد جاں بحق، درجنوں لاپتا
افغانستان میں شدید سیلاب سے تباہی، 20 افراد جاں بحق، درجنوں لاپتا
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)افغانستان کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارشوں کے بعد آنے والے شدید سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں کم از کم 20 افراد جاں بحق، متعدد زخمی جبکہ درجنوں افراد لاپتا ہو گئے ہیں۔
افغان حکام کے مطابق حالیہ بارشوں سے شمال مشرقی صوبے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں، جہاں سیلابی ریلوں نے مکانات، زرعی زمینوں، سڑکوں اور دیگر بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچایا۔
صوبہ نورستان میں سب سے زیادہ تباہی ریکارڈ کی گئی، جہاں متعدد دیہات زیرِ آب آ گئے، مواصلاتی رابطے منقطع ہو گئے اور کئی خاندان بے گھر ہو گئے ہیں۔
ریسکیو ادارے اور مقامی انتظامیہ امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں، تاہم دشوار گزار پہاڑی علاقوں، خراب موسم اور بند راستوں کے باعث امدادی سرگرمیوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
حکام کے مطابق سیلابی ریلوں میں بہہ جانے والے تقریباً 100 افراد کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے، جبکہ ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
متاثرہ علاقوں میں امدادی سامان کی فراہمی، زخمیوں کو طبی سہولیات کی فراہمی اور بے گھر خاندانوں کی بحالی کے اقدامات جاری ہیں، جبکہ شہریوں کو مزید بارشوں کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
