سوناکشی اور ظہیر کے رشتے کا راز سلمان خان نے پہلے ہی بھانپ لیا تھا
سوناکشی اور ظہیر کے رشتے کا راز سلمان خان نے پہلے ہی بھانپ لیا تھا
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)بالی ووڈ اداکارہ سوناکشی سنہا اور ان کے شوہر ظہیر اقبال نے اپنی محبت کی کہانی سے متعلق دلچسپ انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ان کے تعلق کا اندازہ سب سے پہلے سلمان خان کو ہوگیا تھا، حالانکہ وہ دونوں اس وقت اپنے رشتے سے مسلسل انکار کرتے رہے۔
نیہا دھوپیا اور انگد بیدی کے شو میں گفتگو کرتے ہوئے سوناکشی سنہا نے بتایا کہ ان کی اور ظہیر اقبال کی پہلی ملاقات سلمان خان کی ایک پارٹی میں ہوئی تھی۔ ان کے مطابق سلمان خان ابتدا ہی سے دونوں کے درمیان بڑھتی قربت کو محسوس کرچکے تھے۔
سوناکشی نے کہا کہ جب بھی سلمان خان ان سے دونوں کے تعلق کے بارے میں پوچھتے تو وہ یہی کہتیں، "ایسی کوئی بات نہیں”، لیکن سلمان ان کی بات پر یقین نہیں کرتے تھے کیونکہ انہیں دونوں کے درمیان کی کیمسٹری واضح نظر آ رہی تھی۔
ظہیر اقبال نے بھی اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے کبھی سلمان خان کو اپنے رشتے کے بارے میں نہیں بتایا، مگر ایک ٹریکنگ ٹرپ کے دوران سلمان نے مسکراتے ہوئے صرف اتنا کہا، "سب نظر آ رہا ہے۔” ظہیر کے مطابق سلمان نے نہ کوئی سوال کیا اور نہ ہی مزید بات کی، مگر ان کا یہ مختصر جملہ ہی کافی تھا۔
سوناکشی نے مزید بتایا کہ سلمان خان نے ایک موقع پر ہنستے ہوئے کہا تھا، "ایک دن تم دونوں کا بریک اپ ہوگا، پھر تم یہاں آکر روؤ گی اور وہ وہاں آکر روئے گا۔ میں تم دونوں سے محبت کرتا ہوں، اس لیے کسی ایک کا ساتھ نہیں دینا چاہتا۔”
تاہم سلمان خان کی یہ پیشگوئی درست ثابت نہ ہوئی۔ سوناکشی سنہا اور ظہیر اقبال نے تقریباً سات برس تک خاموشی سے ایک دوسرے کو ڈیٹ کیا، 2022 میں فلم "ڈبل ایکس ایل” میں ایک ساتھ کام کیا اور جون 2024 میں سادہ تقریب میں شادی کر لی۔ دونوں اس وقت خوشگوار ازدواجی زندگی گزار رہے ہیں۔
