ایران کا کویت اور بحرین میں امریکی فوجی تنصیبات پر میزائل حملوں کا دعویٰ
ایران کا کویت اور بحرین میں امریکی فوجی تنصیبات پر میزائل حملوں کا دعویٰ
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)تہران: ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے کویت اور بحرین میں واقع امریکی فوجی تنصیبات کو میزائل حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔ ایرانی فوج کے مطابق یہ کارروائیاں امریکا کی جانب سے ایران پر کیے گئے حالیہ حملوں کے جواب میں کی گئیں۔
پاسدارانِ انقلاب کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران کی ایرو اسپیس فورس نے کویت میں دو امریکی فوجی فضائی اڈوں پر حملے کیے، جن میں ایندھن کے ذخائر، پیٹریاٹ فضائی دفاعی نظام اور ایک اہم ریڈار سسٹم کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
ایرانی حکام کے مطابق یہ حملے فوجی آپریشن کے تیسرے مرحلے کا حصہ ہیں، جسے "آنکھ کے بدلے آنکھ” کی حکمت عملی قرار دیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ یہ کارروائیاں امریکا کی فوجی مداخلت کے ردعمل میں کی جا رہی ہیں۔
تاہم، اس خبر کے اجرا تک امریکا، کویت یا بحرین کی جانب سے ایرانی دعوؤں کی آزادانہ تصدیق یا باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔ صورتحال پر عالمی سطح پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے، کیونکہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے مزید سنگین اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
