جولائی 15, 2026

یومِ شہدائے کشمیر: صدر اور وزیراعظم کا 1931ء کے 22 شہداء کو خراجِ عقیدت، حقِ خودارادیت کی حمایت کا اعادہ

0
یومِ شہدائے کشمیر: صدر اور وزیراعظم کا 1931ء کے 22 شہداء کو خراجِ عقیدت، حقِ خودارادیت کی حمایت کا اعادہ

یومِ شہدائے کشمیر: صدر اور وزیراعظم کا 1931ء کے 22 شہداء کو خراجِ عقیدت، حقِ خودارادیت کی حمایت کا اعادہ

اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)یومِ شہدائے کشمیر کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے 13 جولائی 1931ء کے 22 کشمیری شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں تاریخ کا روشن باب ہیں اور پاکستان کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے بھارت سے مطالبہ کیا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کی جائیں، سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے، فوجی محاصرہ ختم کیا جائے اور آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوششوں سے باز رہا جائے۔

صدر مملکت نے مزید کہا کہ 5 اگست 2019ء کے بھارتی اقدامات غیر قانونی تھے اور عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ تنازعٔ جموں و کشمیر کا حل کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ 13 جولائی 1931ء کے شہداء کی قربانیاں کشمیری عوام کی جدوجہد کا روشن باب ہیں اور یومِ شہدائے کشمیر عزم، جرات اور استقامت کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام اپنے حقِ خودارادیت کے لیے جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں اور پاکستان ان کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت ہر سطح پر جاری رکھے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومتِ پاکستان جموں و کشمیر کے شہداء کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے اور کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعادہ کرتی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے