پاکستان کے دوسرے بہترین جیولین تھرور یاسر سلطان معیاری جیولین سے محروم
پاکستان کے دوسرے بہترین جیولین تھرور یاسر سلطان معیاری جیولین سے محروم
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)لاہور: پاکستان کے دوسرے بہترین جیولین تھرور یاسر سلطان انٹرنیشنل معیار کی جیولین نہ ہونے کے باعث مقامی جیولین سے ٹریننگ کرنے پر مجبور ہیں، جبکہ وہ کامن ویلتھ گیمز کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔
پنجاب اسٹیڈیم لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یاسر سلطان نے کہا کہ وہ اس وقت مقامی جیولین سے پریکٹس کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلے وہ ارشد ندیم سے جیولین لے کر ٹریننگ کر لیتے تھے، تاہم اب دونوں کا ٹریننگ شیڈول ایک ہی ہونے کی وجہ سے ایسا کرنا مناسب نہیں لگتا۔
یاسر سلطان نے بتایا کہ معیاری جیولین کے حصول کے لیے فیڈریشن سے درخواست کی، جس کے بعد پاکستان اسپورٹس بورڈ کو بھی خط لکھا گیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جلد انہیں بین الاقوامی معیار کی جیولین فراہم کر دی جائے گی، جس سے ان کی تیاری مزید بہتر ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ کامن ویلتھ گیمز ان کے کیریئر کا ایک اہم ایونٹ ہے اور وہ اس میں بھرپور کارکردگی دکھانے کے لیے پُرامید ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ارشد ندیم جیسے عالمی معیار کے ایتھلیٹ کے ساتھ ایک ہی پلیٹ فارم پر مقابلہ کرنا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔
یاسر سلطان کے مطابق ارشد ندیم کی موجودگی انہیں حوصلہ بھی دیتی ہے اور بہتر کارکردگی دکھانے کا مثبت دباؤ بھی پیدا کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نئے کوچ کی نگرانی میں فٹنس پر خصوصی توجہ دی گئی ہے اور وہ آئندہ مقابلوں میں اچھے نتائج کے لیے پُرامید ہیں۔
