جولائی 10, 2026

اے ڈی بی نے پاکستان کی شرح نمو کا تخمینہ 3.7 فیصد کر دیا، مہنگائی کی پیش گوئی 8.3 فیصد

0
اے ڈی بی نے پاکستان کی شرح نمو کا تخمینہ 3.7 فیصد کر دیا، مہنگائی کی پیش گوئی 8.3 فیصد

اے ڈی بی نے پاکستان کی شرح نمو کا تخمینہ 3.7 فیصد کر دیا، مہنگائی کی پیش گوئی 8.3 فیصد

اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے نئے مالی سال کے لیے پاکستان کی معاشی شرح نمو (جی ڈی پی) کا تخمینہ کم کرکے 3.7 فیصد کر دیا ہے، جبکہ مہنگائی کی پیش گوئی بڑھا کر 8.3 فیصد کر دی گئی ہے۔

ایشین ڈیولپمنٹ آؤٹ لک رپورٹ کے مطابق پاکستان کی متوقع شرح نمو جنوبی ایشیا میں افغانستان اور مالدیپ کے بعد تیسری کم ترین ہے، جبکہ مہنگائی کی شرح بنگلہ دیش کے بعد خطے میں دوسری بلند ترین قرار دی گئی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جن کی امریکا کو برآمدات پر 24 جولائی 2026 سے 10 سے 12.5 فیصد تک اضافی ٹیرف عائد ہونے کا امکان ہے۔

اے ڈی بی کے مطابق معاشی شرح نمو میں کمی کی بنیادی وجوہات توانائی کی بڑھتی ہوئی لاگت، ترسیلاتِ زر پر دباؤ اور مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے معیشت پر منفی اثرات ہیں۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال میں بھی پاکستان کی معاشی شرح نمو 3.7 فیصد رہی، جبکہ اے ڈی بی نے رواں سال اپریل میں 4.5 فیصد شرح نمو کی پیش گوئی کی تھی، تاہم تازہ جائزے میں اسے کم کر دیا گیا ہے۔

بینک کا کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال کے باعث پاکستان میں مہنگائی کے دباؤ میں اضافے کا خدشہ ہے، جس کے پیش نظر افراطِ زر کی پیش گوئی بڑھا کر 8.3 فیصد کر دی گئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے