ارجنٹائن میچ میں متنازع ریفری فیصلے، مصر کا فیفا سے باضابطہ احتجاج
ارجنٹائن میچ میں متنازع ریفری فیصلے، مصر کا فیفا سے باضابطہ احتجاج
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)قاہرہ: فیفا ورلڈ کپ 2026 کے پری کوارٹر فائنل میں ارجنٹائن کے خلاف میچ کے دوران متنازع ریفری فیصلوں پر مصر نے فیفا کے سامنے باضابطہ احتجاج ریکارڈ کرا دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق مصری فٹبال فیڈریشن نے مطالبہ کیا ہے کہ فرانسیسی ریفری فرانسوا لیٹیکسیئر اور وی اے آر آفیشلز کے کردار کی تحقیقات کی جائیں اور انہیں ورلڈ کپ سے ہٹایا جائے۔
مصری فٹبال فیڈریشن کا مؤقف ہے کہ میچ کے دوران ریفری اور وی اے آر حکام نے سنگین غلطیاں کیں، دوہرا معیار اپنایا اور متعدد واضح مواقع پر ویڈیو ریویو سے گریز کیا، جس کے باعث مصر ٹورنامنٹ سے باہر ہو گیا۔
فیڈریشن نے فیفا سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کرکے ذمہ دار آفیشلز کے خلاف کارروائی کی جائے۔
واضح رہے کہ پری کوارٹر فائنل کے دوسرے ہاف میں مصر کا ایک گول وی اے آر جائزے کے بعد مبینہ فاؤل کی بنیاد پر منسوخ کر دیا گیا، جبکہ میچ کے آخری لمحات میں محمد صلاح کے ساتھ پیش آنے والے ایک واقعے اور پنالٹی نہ دیے جانے پر بھی مصری ٹیم نے شدید احتجاج کیا۔ ان فیصلوں پر سوشل میڈیا پر بھی وسیع پیمانے پر تنقید دیکھنے میں آئی، جبکہ مصری ہیڈ کوچ حسام حسن کو احتجاج کرنے پر یلو کارڈ بھی دکھایا گیا۔
