بالی ووڈ سپر اسٹار عامر خان گوری اسپریٹ کے ساتھ رشتۂ ازدواج میں منسلک
بالی ووڈ سپر اسٹار عامر خان گوری اسپریٹ کے ساتھ رشتۂ ازدواج میں منسلک
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)ممبئی: بالی ووڈ کے سپر اسٹار عامر خان اپنی دیرینہ دوست گوری اسپریٹ کے ساتھ رشتۂ ازدواج میں منسلک ہو گئے۔ ممبئی میں ان کی رہائش گاہ پر سادگی کے ساتھ منعقد ہونے والی نجی تقریب میں قریبی رشتہ داروں، دوستوں اور فلمی شخصیات نے شرکت کی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شادی کی تقریب میں تقریباً 100 سے 150 مہمانوں کو مدعو کیا گیا تھا، جن میں امبانی خاندان، معروف ہدایتکار اشوتوش گوواریکر اور دیگر فلمی شخصیات شامل تھیں۔ عامر خان کے بچے جنید خان، ایرا خان اور آزاد راؤ خان بھی تقریب میں شریک ہوئے، جبکہ گوری اسپریٹ کا بیٹا بھی اس موقع پر موجود تھا۔
یہ عامر خان کی تیسری شادی ہے۔ اس سے قبل انہوں نے 1986 میں رینا دتہ سے شادی کی تھی، جن سے ان کے دو بچے ہیں، جبکہ 2002 میں دونوں کی علیحدگی ہو گئی۔ بعد ازاں 2005 میں انہوں نے کرن راؤ سے شادی کی، تاہم 2021 میں یہ رشتہ بھی ختم ہو گیا۔ دونوں اپنے بیٹے آزاد کی مشترکہ پرورش جاری رکھے ہوئے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق عامر خان اور گوری اسپریٹ گزشتہ 25 برس سے ایک دوسرے کو جانتے ہیں، جبکہ ان کے درمیان قریبی تعلق کا آغاز تقریباً دو سال قبل ہوا۔ عامر خان نے گزشتہ برس اپنی 60ویں سالگرہ کے موقع پر اس رشتے کو عوامی طور پر ظاہر کیا تھا۔ گوری اسپریٹ نے یونیورسٹی آف آرٹس لندن سے فیشن، اسٹائلنگ اور فوٹوگرافی کی تعلیم حاصل کر رکھی ہے، وہ پروفیشنل ہیئر ڈریسر ہونے کے ساتھ ساتھ اس وقت عامر خان فلمز سے بھی وابستہ ہیں۔
