جولائی 1, 2026

حد سے زیادہ ڈائٹنگ جان لیوا ذہنی بیماری کا سبب بن سکتی ہے، ماہرین کا انتباہ

0
حد سے زیادہ ڈائٹنگ جان لیوا ذہنی بیماری کا سبب بن سکتی ہے، ماہرین کا انتباہ

حد سے زیادہ ڈائٹنگ جان لیوا ذہنی بیماری کا سبب بن سکتی ہے، ماہرین کا انتباہ

اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)ماہرینِ صحت نے خبردار کیا ہے کہ وزن کم کرنے کی خاطر حد سے زیادہ ڈائٹنگ، فاقہ کشی اور ہر وقت کیلوریز گننے کی عادت ایک خطرناک ذہنی و جسمانی بیماری، اینوریکسیا نرووسا، کا باعث بن سکتی ہے، جو بروقت علاج نہ ہونے کی صورت میں جان لیوا بھی ثابت ہو سکتی ہے۔

ماہرین کے مطابق طویل عرصے تک بہت کم خوراک کھانے یا بھوکا رہنے سے جسم کا قدرتی نظام متاثر ہوتا ہے، غذائیت کی شدید کمی پیدا ہوتی ہے اور مختلف اعضا کی کارکردگی بھی متاثر ہونے لگتی ہے۔

ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اس بیماری میں متاثرہ شخص وزن بڑھنے کے خوف اور جسم کے بارے میں منفی سوچ کے باعث جان بوجھ کر خوراک سے گریز کرتا ہے، جس کے نتیجے میں وزن خطرناک حد تک کم ہو جاتا ہے۔

ماہرین کے مطابق اس کی نمایاں علامات میں غیر معمولی وزن میں کمی، ضرورت سے زیادہ ورزش، خوراک کے بارے میں غیر معمولی حساسیت، ہر وقت کیلوریز گننا، کمزوری، چکر آنا، بال گرنا، سردی زیادہ محسوس ہونا اور سماجی سرگرمیوں سے دوری شامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس بیماری کی وجوہات میں موروثی عوامل، کم خود اعتمادی، سماجی دباؤ، غیر حقیقی جسمانی معیار، نفسیاتی صدمات اور دماغی کیمیائی تبدیلیاں شامل ہو سکتی ہیں۔

ماہرین نے خبردار کیا کہ علاج میں تاخیر ہڈیوں کی کمزوری، دل، گردوں اور عضلات کے مسائل، بانجھ پن اور دیگر سنگین پیچیدگیوں کا سبب بن سکتی ہے۔ ان کے مطابق مؤثر علاج کے لیے ماہر ڈاکٹر کی نگرانی، نفسیاتی مشاورت اور متوازن غذا ضروری ہے، جبکہ علامات ظاہر ہونے پر فوری طبی مدد حاصل کرنی چاہیے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے