گووندا کی اہلیہ کے بیان نے نئی بحث چھیڑ دی، ’’میرا نشانہ کبھی نہیں چوکتا‘‘
گووندا کی اہلیہ کے بیان نے نئی بحث چھیڑ دی، ’’میرا نشانہ کبھی نہیں چوکتا‘‘
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)بالی ووڈ کے معروف اداکار گووندا کی اہلیہ سنیتا آہوجا کے ایک رئیلٹی شو میں دیے گئے بیان نے سوشل میڈیا اور بھارتی شوبز حلقوں میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
رئیلٹی شو میں گفتگو کے دوران میزبانوں نے سنیتا آہوجا سے ان کے اس پرانے بیان کے بارے میں سوال کیا کہ وہ گووندا جیسے شوہر کے بجائے گووندا جیسا بیٹا چاہتی ہیں۔
اس پر سنیتا نے کہا کہ محبت کے رشتے میں انسان بہت کچھ برداشت کرتا ہے۔ ان کے بقول گووندا، جنہیں گھر میں "چی چی” کہا جاتا ہے، ماضی میں کئی معاشقوں سے منسلک رہے اور فلمی دنیا میں ایسی باتیں عام سمجھی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برسوں ہر مشکل میں اپنے شوہر کا ساتھ دینے کے بعد وہ چاہتی ہیں کہ ان کا بیٹا تو گووندا جیسا ہو، مگر شوہر نہیں۔
گفتگو کے دوران گووندا کو ماضی میں گولی لگنے کے واقعے کا ذکر آیا تو سنیتا نے معنی خیز انداز میں کہا، ’’چی چی اگر سن رہے ہو تو سن لو، گھٹنوں پر گولی تبھی لگتی ہے جب زندگی میں کوئی تیسرا شخص آ جاتا ہے۔ میں جھوٹ نہیں بول رہی، سچ کہہ رہی ہوں۔‘‘
انہوں نے اسی موقع پر ایک اور جملہ بھی کہا، ’’میرا نشانہ کبھی نہیں چوکتا‘‘، جس کے بعد ان کا یہ بیان سوشل میڈیا پر تیزی سے زیرِ بحث آ گیا۔ تاہم سنیتا آہوجا نے اپنے اس تبصرے کی مزید وضاحت نہیں کی، جبکہ گووندا کی جانب سے بھی اس بیان پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔
