ایران پالیسی بدلے تو تعلقات کا نیا دور شروع ہو سکتا ہے، امریکی نائب صدر
ایران پالیسی بدلے تو تعلقات کا نیا دور شروع ہو سکتا ہے، امریکی نائب صدر
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ اگر ایران اپنی موجودہ پالیسیوں میں تبدیلی لاتا ہے، خطے میں کشیدگی بڑھانے والی سرگرمیوں سے باز آتا ہے اور اپنے جوہری پروگرام کو ختم کر دیتا ہے تو امریکا اس کے ساتھ بہتر تعلقات قائم کرنے کے لیے تیار ہے۔
سوئٹزرلینڈ میں ہونے والی بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ واشنگٹن سفارتی ذرائع سے مشرقِ وسطیٰ میں امن، استحکام اور خوشحالی کو فروغ دینا چاہتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حالیہ سفارتی پیش رفت کے بعد دونوں ممالک کے لیے آگے بڑھنے کا موقع موجود ہے اور جوہری پروگرام کے خاتمے کے بعد تعلقات کی بحالی اور باہمی اعتماد کے فروغ کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔
امریکی نائب صدر نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ تعلقات میں نئی شروعات اور ایرانی عوام کے ساتھ بہتر روابط استوار کرنے کی ہدایت دی ہے۔
انہوں نے مذاکراتی عمل میں پاکستان کے کردار کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قیادت کی سفارتی کوششوں نے بات چیت کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر ایران عملی اقدامات کے ذریعے استحکام کے فروغ اور عالمی اعتماد کی بحالی میں کردار ادا کرتا ہے تو دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک نئے باب کا آغاز ہو سکتا ہے۔
