امریکا اور ایران مذاکرات میں پیش رفت، خام تیل سستا، عالمی حصص بازاروں میں بہتری
امریکا اور ایران مذاکرات میں پیش رفت، خام تیل سستا، عالمی حصص بازاروں میں بہتری
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)امریکا اور ایران کے درمیان جاری امن مذاکرات میں مثبت پیش رفت کی اطلاعات کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ دنیا کے بیشتر حصص بازاروں میں بہتری دیکھی گئی۔
ذرائع کے مطابق ثالثی کرنے والے ممالک نے دونوں ممالک کے درمیان حتمی معاہدے تک پہنچنے کے لیے ایک لائحۂ عمل پر کام شروع کر دیا ہے، جس سے خطے میں کشیدگی کم ہونے کی امید پیدا ہوئی ہے۔
مثبت اشاروں کے باعث خام تیل کی قیمت میں ایک ڈالر سے زائد کمی ہوئی اور فی بیرل قیمت 79 اعشاریہ 44 ڈالر تک آگئی۔ دوسری جانب ایشیا، یورپ اور دیگر علاقوں کے حصص بازاروں میں سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر دونوں ممالک کے درمیان مستقل معاہدہ طے پا جاتا ہے تو توانائی کی عالمی منڈی میں استحکام آئے گا، تیل کی رسد بہتر ہوگی اور عالمی معیشت پر موجود بعض دباؤ میں کمی آسکتی ہے۔
