ایران: بندر عباس اور سیریک کے قریب دھماکوں جیسی آوازیں، آبنائے ہرمز میں مشتبہ ٹینکر روکنے کا دعویٰ
ایران: بندر عباس اور سیریک کے قریب دھماکوں جیسی آوازیں، آبنائے ہرمز میں مشتبہ ٹینکر روکنے کا دعویٰ
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)ایران کے جنوبی ساحلی علاقوں میں واقع سیریک اور بندر عباس کے قریب دھماکوں جیسی آوازیں سنے جانے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جس کے بعد علاقے میں تشویش کی فضا پیدا ہوگئی ہے۔
ایرانی میڈیا رپورٹس کے مطابق سیریک کے قریب اچانک زور دار آوازیں سنائی دیں، جبکہ بندر عباس میں بھی دو الگ الگ دھماکوں کی آوازوں کی اطلاع دی گئی ہے۔ تاہم فوری طور پر ان آوازوں کی نوعیت، مقام یا ممکنہ نقصان کے بارے میں سرکاری سطح پر کوئی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
دوسری جانب بعض ایرانی خبر رساں اداروں نے دعویٰ کیا ہے کہ بندر عباس کے نزدیک ایرانی فورسز نے آبنائے ہرمز میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے ایک مشتبہ ٹینکر کو روک لیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق متعلقہ جہاز مطلوبہ اجازت اور رابطہ ضوابط پورے کیے بغیر حساس بحری راستے میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں کے لیے پیشگی رابطہ اور مقررہ قواعد کی پابندی ضروری ہے۔ واقعے کے حوالے سے مزید تفصیلات اور سرکاری وضاحت کا انتظار کیا جا رہا ہے۔
