مئی 23, 2026

ملک بھر میں بارش، آندھی اور ژالہ باری کی پیشگوئی، این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

0
ملک بھر میں بارش، آندھی اور ژالہ باری کی پیشگوئی، این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

ملک بھر میں بارش، آندھی اور ژالہ باری کی پیشگوئی، این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک) محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک، آندھی اور ژالہ باری کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کردی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ دیر، سوات، مالم جبہ، کوہستان اور باجوڑ سمیت کالام، چترال، بونیر، کوہاٹ، ایبٹ آباد اور پشاور میں بھی بارش متوقع ہے۔

اسی طرح صوابی، مردان، مالاکنڈ، پاڑہ چنار، کرم اور وزیرستان میں بھی آندھی اور بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ بالائی اضلاع میں بعض مقامات پر تیز بارش اور ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

دوسری جانب این ڈی ایم اے نے 26 سے 31 مئی تک شدید موسمی صورتحال کے پیش نظر ملک بھر میں الرٹ جاری کردیا ہے۔ ادارے کے مطابق بارشوں، درجہ حرارت میں اضافے اور گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے کے باعث سیلابی صورتحال، لینڈ سلائیڈنگ اور گلیشیائی جھیلیں پھٹنے کے خطرات بڑھ گئے ہیں۔

این ڈی ایم اے کے مطابق خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، پنجاب، بلوچستان اور سندھ کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری متوقع ہے۔

چترال، سوات، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پاراچنار، گلگت، اسکردو، مظفرآباد، راولپنڈی، اسلام آباد، لاہور، کراچی اور کوئٹہ سمیت کئی شہروں میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ ہنزہ، نگر، دیامیر، استور، غذر، چترال، دیر، سوات اور کوہستان سمیت پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ موجود ہے جبکہ قراقرم ہائی وے، ناران روڈ اور جگلوٹ اسکردو روڈ سمیت اہم شاہراہوں کی بندش کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے